پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ میرپور کے عوام کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کشمیری عوام سے حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں تو انہیں گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے ووٹرز سے پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان "تیر" پر مہر لگانے اور پارٹی امیدواروں کی حمایت کی بھی اپیل کی۔دوسری جانب آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ضلع کوٹلی کے اگہار کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 36 اور 37 پر ابتدائی اوقات میں ووٹرز کی عدم آمد کے باعث پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی۔ادھر کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے حلقہ ایل اے-3 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر میرپور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تینوں اضلاع میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن انداز میں جاری ہے اور عوام سے بھرپور انداز میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔