بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک تاجر کے قتل کا معاملہ اس وقت سنسنی خیز رخ اختیار کر گیا جب پولیس تحقیقات میں مقتول کی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ دیوکرشن پروہت کو 7 اپریل کی رات ان کے گھر میں تیز دھار ہتھیار سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر ان کی بیوی پریانکا پروہت نے پولیس کو بتایا تھا کہ نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے، ساڑھے تین لاکھ روپے کے زیورات لوٹ لیے اور مزاحمت کرنے پر اس کے شوہر کو قتل کر دیا۔تاہم تحقیقات کے دوران پولیس کو بیان میں تضادات محسوس ہوئے۔ گھر کی تلاشی کے دوران وہی زیورات برآمد ہو گئے جنہیں چوری شدہ قرار دیا گیا تھا، جبکہ موبائل فون کے ڈیٹا سے پریانکا اور کملیش پروہت کے درمیان مسلسل رابطے کا بھی انکشاف ہوا۔پولیس کے مطابق پریانکا اپنے مبینہ عاشق کملیش پروہت کے ساتھ مل کر شوہر کو راستے سے ہٹانا چاہتی تھی۔ اس مقصد کے لیے سریندر بھاٹی نامی شخص کو ایک لاکھ روپے دے کر قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
تحقیقات کے مطابق واردات کی رات گھر کا دروازہ جان بوجھ کر کھلا چھوڑا گیا تاکہ ملزم آسانی سے اندر داخل ہو سکے، جس کے بعد اس نے سوتے ہوئے دیوکرشن پروہت کو قتل کر دیا۔ بعد ازاں کمرے کو الٹ پلٹ کر ڈکیتی کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی اور پریانکا نے خود کو متاثرہ ظاہر کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مسلسل تفتیش کے بعد پریانکا نے شوہر کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس نے پریانکا اور کملیش کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم سریندر بھاٹی تاحال مفرور ہے۔مقتول کے اہل خانہ کے مطابق پریانکا اکثر اپنے شوہر کو رنگت کے حوالے سے تضحیک کا نشانہ بناتی تھی اور اس حوالے سے دونوں کے درمیان جھگڑے بھی ہوتے رہتے تھے۔