پی ایس ایل 11: راولپنڈیز نے نسیم شاہ کے جزوی متبادل کا اعلان کردیا

پی ایس ایل 11: راولپنڈیز نے نسیم شاہ کے جزوی متبادل کا اعلان کردیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک ٹیم راولپنڈی نے آل راؤنڈر مبصر خان کو فاسٹ بولر نسیم شاہ کے جزوی متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

فرنچائز انتظامیہ کے مطابق نسیم شاہ کو کراچی کنگز کے خلاف میچ کے دوران سائیڈ انجری ہوئی تھی، جس کے بعد وہ طبی نگرانی میں ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ اور ڈاکٹرز ان کی صحت یابی پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں واپسی کر سکتے ہیں، تاہم حتمی فیصلہ فٹنس کلیئرنس کے بعد ہوگا۔احتیاطی اقدام کے طور پر مبصر خان کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے 14 میچز میں 49 رنز بنائے اور 2 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب راولپنڈی ٹیم نے بولنگ یونٹ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین سیئرز کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ یہ فیصلہ نسیم شاہ اور زمان خان کی انجری کے بعد کیا گیا ہے۔ بین سیئرز کو تقریباً ڈھائی کروڑ روپے میں شامل کیا گیا ہے اور یہ ان کا پی ایس ایل میں پہلا موقع ہوگا۔

 وہ اس سے قبل میجر لیگ کرکٹ میں واشنگٹن فریڈم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔بین سیئرز بین الاقوامی سطح پر 27 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 31 وکٹیں اور 4 ون ڈے میچز میں 10 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ادھر زمان خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران کندھے کی انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ان کی جگہ جلات خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔محمد رضوان کی قیادت میں راولپنڈی ٹیم اپنا اگلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 10 اپریل کو کھیلے گی۔