بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی رومانوی فلم ’ایک دن‘ میں تخلیقی کردار ادا کرتے ہوئے فلم کے کلائمکس کو دوبارہ تحریر کر دیا۔
فلم ساز منصور خان نے انکشاف کیا ہے کہ عامر خان کو فلم کے اختتام پر تحفظات تھے، جس کے بعد انہوں نے اس میں تبدیلی کی۔ایک حالیہ انٹرویو میں منصور خان نے بتایا کہ عامر خان نے کلائمکس سین پر اعتراض کیا اور اسے دوبارہ لکھا، جس پر پوری ٹیم نے اتفاق کیا کہ ان کی رائے درست تھی۔ انہوں نے اس عمل کو ٹیم ورک کی بہترین مثال قرار دیا۔فلم میں جنید خان کے ساتھ سائی پلوی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جو اس فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کر رہی ہیں۔ فلم کے ہدایت کار سنیل پانڈے ہیں جبکہ اسے عامر خان پروڈکشنز کے تحت منصور خان اور اپرنا پروہت کے اشتراک سے پروڈیوس کیا جا رہا ہے۔
منصور خان کے مطابق فلم کی تیاری کے دوران تخلیقی اختلافات بھی سامنے آئے تاہم انہیں مثبت انداز میں حل کیا گیا۔ انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جاپان میں فلمائے گئے ایک گانے کے دوران عامر خان نے جذباتی انداز میں تبدیلی کی تجویز دی، لیکن اس وقت ہدایت کار کے وژن کو ترجیح دی گئی۔ بعد ازاں حتمی نتیجہ دیکھ کر عامر خان نے بھی اتفاق کیا۔فلم ’ایک دن‘ 2016 کی تھائی فلم ’ون ڈے‘ کا ری میک ہے اور اسے یکم مئی 2026 کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔