شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ 450 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ کیریئر کی مہنگی ترین فلم بن گئی

شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ 450 کروڑ روپے کے بجٹ کے ساتھ کیریئر کی مہنگی ترین فلم بن گئی

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی آنے والی فلم King  کو ان کے فلمی کیریئر کا اب تک کا سب سے بڑا اور مہنگا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کنگ کا تخمینی بجٹ 450 کروڑ بھارتی روپے ہے، جس میں تشہیری اخراجات (پرنٹ اور پبلسٹی) اور شاہ رخ خان کا معاوضہ شامل نہیں۔ اس اعتبار سے یہ فلم بجٹ کے لحاظ سے شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلموں جوان اور پٹھان کو بھی پیچھے چھوڑ سکتی ہے، جن کا بجٹ بالترتیب تقریباً 400 کروڑ اور 350 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ مئی 2025 میں شروع ہوئی تھی اور اب تک دنیا کے مختلف ممالک میں 150 سے زائد دن تک فلم بندی کی جا چکی ہے۔ توقع ہے کہ اس کی شوٹنگ اگست 2026 میں مکمل کر لی جائے گی۔فلم میں بڑے پیمانے پر ایکشن مناظر بین الاقوامی اسٹنٹ ماہرین کی نگرانی میں فلمائے جا رہے ہیں، جبکہ جدید ویژول ایفیکٹس (VFX) کی ذمہ داری شاہ رخ خان کے پروڈکشن ہاؤس کے سپرد ہے تاکہ ناظرین کو عالمی معیار کا سینما تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق فلم سے وابستہ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ کنگ کو ابتدا میں ایک ایکشن تھرلر کے طور پر تیار کیا جا رہا تھا، تاہم شاہ رخ خان اور فلم کے ہدایت کار کے بلند وژن کے باعث اسے بڑے پیمانے کی ایکشن فلم میں تبدیل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق شاہ رخ خان ہمیشہ اپنے مداحوں کو بغیر کسی سمجھوتے کے اعلیٰ معیار کا تفریحی تجربہ فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اسی لیے فلم میں شاندار ایکشن سیکوئنس، جدید ویژول ایفیکٹس اور بڑے پیمانے کی پروڈکشن پر بھرپور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ فلم کنگ کے ذریعے شاہ رخ خان تقریباً تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کریں گے، جس کے باعث ان کے مداح اس فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔