عامر خان کی فلم 'ستارے زمین پر' کا سیکوئل کرسمس پر ریلیز ہو گا

عامر خان کی فلم 'ستارے زمین پر' کا سیکوئل کرسمس پر ریلیز ہو گا

ویب ڈیسک:بالی ووڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز عامر خان کی فلم "تارے زمین پر" کا سیکوئل "ستارے زمین پر" جلد ریلیز ہونے والا ہے، جس کا فلم بین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

یہ فلم عامر خان کی 2022 کی فلم "لال سنگھ چڈھا" کے بعد ان کی بڑی واپسی ہوگی، اور اسے رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، "ستارے زمین پر" 2018 کی ہسپانوی فلم "کیمپیونس" (چیمپیئنز) کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری آر ایس پرسنا نے کی ہے، اور اس میں مرکزی کرداروں میں عامر خان، جینیلیا دیش مکھ، اور درشیل سفاری شامل ہیں۔فلم "تارے زمین پر" 2007 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا۔ سیکوئل "ستارے زمین پر" میں بھی ایک سنگین بیماری، ڈاؤن سنڈروم، پر روشنی ڈالی جائے گی۔

 "تارے زمین پر" میں عامر خان نے آرٹس ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک طالب علم، ایشان اوستھی، کو ڈسلیکسیا پر قابو پانے اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں مدد کرتا ہے۔فلم میں ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے ادا کیا تھا، اور وہ اب اس کے سیکوئل "ستارے زمین پر" میں بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کا مقصد نہ صرف ڈاؤن سنڈروم کی مشکلات کو دکھانا ہے بلکہ ان افراد کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا بھی ہے جو ان بیماریوں کا شکار ہیں۔عامر خان کی "تارے زمین پر" نے اپنی تعلیماتی اور دل کو چھو لینے والی کہانی کے باعث بہت شہرت حاصل کی تھی، اور اب "ستارے زمین پر" کو بھی اسی نوعیت کی پذیرائی کی امید ہے۔