عامر خان کے بیٹے جنید خان نے بچپن میں ڈسلیکسیا کا شکار ہونے کا انکشاف

عامر خان کے بیٹے جنید خان نے بچپن میں ڈسلیکسیا کا شکار ہونے کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے بیٹے جنید خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں ڈسلیکسیا (پڑھنے میں مشکلات) کا شکار تھے۔

جنید خان نے بتایا کہ ان میں چھ سال کی عمر میں ڈسلیکسیا کی تشخیص ہوئی تھی، اور یہ بات ان کے والدین کو اس وقت معلوم ہوئی جب انہوں نے عامر خان کی فلم "تارے زمین پر" کی اسکرپٹ پڑھی۔جنید خان نے اس انکشاف کے دوران بتایا کہ ان کے والد عامر خان نے اس فلم میں ایک ایسے استاد کا کردار نبھایا تھا جو ڈسلیکسیا کے شکار بچوں کی مدد کرتا ہے۔ جنید نے کہا، "جب میرے والدین نے فلم کی کہانی سنی تو انہیں اندازہ ہوا کہ یہ وہی مسائل ہیں جو وہ خود اپنی زندگی میں دیکھ چکے ہیں۔"

اس واقعے کے فوراً بعد، جنید خان کے والدین نے انہیں ایک ماہر کے پاس لے جا کر ان کی تشخیص کروائی۔ جنید نے اپنے والدین کی حمایت کو اپنی کامیابی کا راز قرار دیا اور کہا کہ والدین نے ہمیشہ ان کی تعلیمی کارکردگی کے بجائے ان کی مجموعی نشوونما پر توجہ مرکوز رکھی۔جنید خان جلد اپنی دوسری فلم "لوویاپا" میں اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے، جو 7 فروری 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔