وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں امریکا ایران مذاکرات کے حوالے سے تیاریوں اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے غیر ملکی وفود کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران مذاکرات کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس، کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز، فیڈرل کانسٹیبلری اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔