ویب ڈیسک: مذہبی جماعت کے جاری احتجاج کے باعث اسلام آباد کا ریڈ زون مکمل طور پر بند رہا، جبکہ زیرو پوائنٹ کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کی داخلی سڑکوں میں سے بعض راستے جزوی طور پر بحال کر دیے گئے ہیں، تاہم پیر ودھائی، منڈی مور اور فیض آباد بس اڈے بدستور بند ہیں۔اسی طرح روات ٹی چوک کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، جبکہ لاہور سے اسلام آباد، ملتان اور سیالکوٹ موٹر ویز کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔شہر میں میٹرو بس سروس چوتھے روز بھی معطل رہی۔
دوسری جانب، گجرات میں دریائے چناب کا پل دونوں اطراف سے کھول دیا گیا ہے اور جی ٹی روڈ پر لالہ موسی اور کھاریاں کے مقامات سے ٹریفک بحال ہو چکی ہے۔انتظامیہ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔دفعہ 144 کے تحت سیاسی، مذہبی اور سماجی اجتماعات، دھرنوں، جلسوں، جلوسوں اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔