دونوں کو مذاکرات کی میز پر لانا عالمی برادری کے لئے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل پیشرفت ہے
اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیزی سے بگڑتی ہوئی علاقائی صورتحال کو سنبھالنا، عارضی جنگ بندی کرانا اور 1979 کے بعد پہلی بار امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات ممکن بنانا پاکستان کی نمایاں کامیابیاں ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بطور ثالث اور سہولت کار پاکستان کے کردار نے عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے، اور اب اسے پیچیدہ بین الاقوامی تنازعات میں ایک قابلِ اعتماد فریق کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے‘ امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانا نہ صرف پاکستان کا ایک بڑا سفارتی کارنامہ ہے بلکہ یہ پیش رفت عالمی برادری کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔