غزہ امن کے لئے پاکستان کا کرداراہم ہے ،سردار مسعود خان

اسلام آباد (آئی این پی )آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر ،پاکستان کے سابق سفیر برائے امریکہ، چین اور اقوام متحدہ سردار مسعود خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ 20 نکاتی غزہ امن فارمولے کو عالمی امن اور سلامتی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اہم سفارتی کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔سردار مسعود خان نے اس بات کی وضاحت کی کہ اس امن اقدام کو پاکستان کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا عمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک دو ریاستی فارمولے کی طرف قدم ہے جس کی پاکستان ہمیشہ حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ غزہ میں خونریزی کو ختم کرنے اور فلسطینی خود ارادیت کے لیے جگہ پیدا کرنے کے لیے ہے، اگرچہ اس میں حکمرانی اور خود مختاری جیسے کئی اہم پہلو ابھی تک زیر بحث ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، ترکی اور انڈونیشیا سمیت آٹھ اسلامی ممالک کے گروپ کا حصہ تھا، جس نے براہ راست صدر ٹرمپ سے بات کی اور انہیں غزہ میں جنگ بندی کا اعلان کرنے پر قائل کیا۔اقوام متحدہ، عرب دنیا اور عالمی اقوام کا دباؤ اس پیشرفت کا سبب بنا۔ پاکستان کی سفارتکاری اس اہم پیشرفت میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے