جنگ بندی میں توسیع پر ٹرمپ کاشکریہ امید ہے فریق امن ڈیل میں کامیاب ہو جائیں گے:شہبازشریف
وزیراعظم سے ایرانی سفیر کی ملاقات، علاقائی استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق‘ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ‘سفیر نے پاکستان کے کردار کو سراہا
الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے، گاڑیوں کا فروغ ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا ‘ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی اہم ہے:اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ ایران امریکا مذاکرات کا دوسرا دور یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی بدلتی صورتحال پر ایک اہم مشاورتی اجلا س منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر وفاقی وزرا اور اعلی حکام نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران امریکا جنگ بندی میں توسیع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ممکنہ اقدامات پر غور ہوا۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے پاکستانی قیادت ایرانی قیادت کے ساتھ رابطے کرر ہی ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف کا اپنی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی طرف سے جنگ بندی میں توسیع کی درخواست قبول کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان تنازعات کے مذاکراتی حل کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے دونوں فریق جنگ بندی کی پاسداری جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے دونوں فریق تنازعات کے مستقل خاتمے کے لیے اسلام آباد میں طے شدہ مذاکرات کے دوسرے دور کے دوران جامع امن ڈیل میں کامیاب ہو جائیں گے‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور ایرانی سفیر نے علاقائی استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں الیکٹرک وہیکلز (EV) کے فروغ کیلئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے، موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر EV گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کی درآمدی لاگت میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کیلئے بھی نہایت اہم ہے