وزیراعظم شہباز شریف کی طویل غیر ملکی دورے کے بعد وطن واپسی‘اعلی سطح کے مشاورتی اجلاس کی صدارت‘محسن نقوی نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی

خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ وزیراعظم صدر زرداری سے بھی ملیں گے
 فتنتہ الخوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں‘ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی‘پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے
بزرگوں کا احترام قومی ذمہ داری ہے‘بزرگ ملازمین کے لئے گھر بیٹھے ڈیجیٹل تصدیق، صحت سہولیات اور مالی معاونت کا دائرہ وسیع کرنے کے اقدامات جاری ہیں:وزیراعظم کا پیغام
اسلام آباد(آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا سے متعلق فیصلے سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔   رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی  بیرون ملک سے وطن واپسی پر ان کی  صدارت اعلی سطحی مشاورتی اجلاس ہوا، وفاقی وزرا محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ اور وزیر مملکت طلال چودھری نے شرکت کی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی،وزیرقانون نے خیبرپختونخوا سے متعلق آئینی و قانونی امور پربریفنگ دی۔ذرائع کاکہنا ہے کہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت سے پس پردہ رابطوں پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے خیبرپختونخوا سے متعلق فیصلے سے قبل سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے،وزیراعظم خیبرپختونخوا معاملے پر صدر مملکت  آصف  علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔زیراعظم  شہباز شریف نے   سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوںمیں 4 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیاہے۔وزیراعظم آفس  سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم  شہباز شریف نے ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔وزیراعظم نے ہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فتنتہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔دریں اثنائن  شہباز شریف نے بزرگوں کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے بزرگ شہریوں کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگوں کی زندگی بھر کی گراں قدر خدمات نے قومی زندگی کے سماجی، معاشی اور اخلاقی تشخص کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بزرگ شہری اجتماعی اور انفرادی دانش، تجربے اور اعلیٰ اقدار کے امین ہیں، جنہوں نے نسلوں کی تربیت اور رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔ حکومت بزرگ شہریوں کے احترام کو محض الفاظ تک محدود رکھنے کے بجائے پالیسی سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی اقدامات میں ڈھالنے کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ بزرگ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی مزید آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل تصدیقی عمل نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جس کے تحت لائف سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے دفاتر میں ذاتی طور پر حاضر ہونے کے بجائے گھر بیٹھے ڈیجیٹل تصدیق کی سہولت فراہم کی گئی ہے