سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کو عالمی سطح پر ایک تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مرکز کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کو 2027ء کے لیے اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کا "سیاحتی دارالحکومت" نامزد کیا گیا ہے، جو لاہور کے ثقافتی ورثے اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق، ای سی او کے 10 ممالک کا ایک وفد 13 اپریل کو لاہور کا دورہ کرے گا، جہاں لاہور کو باضابطہ طور پر "ای سی او کیپٹل ٹورازم" کے طور پر نامزد کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس دوران لاہور کے سیاحتی امکانات اور تاریخی مقامات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کا یہ اعزاز وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حاصل ہوا ہے، اور اس اقدام سے نہ صرف لاہور کی سیاحت کو بین الاقوامی سطح پر فروغ ملے گا بلکہ پورے پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ لاہور کا "ای سی او کیپٹل ٹورازم" کے طور پر نامزد ہونا ایک تاریخی موقع ہے جو نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے میں عالمی سیاحت کے شعبے کو مستحکم کرے گا۔ اس کے ذریعے لاہور کو ایک عالمی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دیا جائے گا اور مختلف ممالک سے سیاحوں کو لاہور کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے متعارف کرایا جائے گا۔