خیبر: جبہ ڈیم سے اغوا کیے گئے 3 مزدور دہشتگردوں کی قید سے رہا

خیبر: جبہ ڈیم سے اغوا کیے گئے 3 مزدور دہشتگردوں کی قید سے رہا

خیبر: زیر تعمیر جبہ ڈیم کے تین مقامی مزدوروں کو مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کے بعد رہا کردیا گیا، تینوں مزدور بحفاظت اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق جبہ ڈیم پر کام کرنے والے تین مقامی مزدوروں کو 26 اگست 2026 کو دہشتگردوں نے مبینہ طور پر اغوا کیا تھا۔ اغوا کے واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر مزدوروں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ایس ایچ او نے تصدیق کی کہ تینوں مزدوروں کو رہا کردیا گیا ہے اور وہ خیریت سے اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔ تاہم ان کی رہائی کس طرح عمل میں آئی اور انہیں کہاں رکھا گیا تھا، اس حوالے سے فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ذرائع کے مطابق مزدوروں کے اغوا اور سیکیورٹی تھریٹس کے باعث جبہ ڈیم پر جاری تعمیراتی کام عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنے سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔مقامی حکام کی جانب سے واقعے کے مزید پہلوؤں کی تحقیقات کی جارہی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی انتظامات بھی مزید سخت کیے جانے کا امکان ہے۔