لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق ملک کے مختلف آبی ذخائر اور دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے جبکہ چند مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب بھی رپورٹ ہوا ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1546.00 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ 96 فیصد بھر چکا ہے۔ منگلا ڈیم کا لیول 1205.25 فٹ ہے، جو 63 فیصد گنجائش کے برابر ہے۔دریاؤں اور بیراجز کی صورتحال میں چشمہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے جبکہ تربیلا، کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ دریائے جہلم، ستلج، کابل، چناب اور راوی کے اہم مقامات پر بھی پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق نالہ بسنتر میں نچلے درجے کا سیلابی بہاؤ موجود ہے، تاہم کوہ سلیمان اور ڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی و برساتی نالوں میں اس وقت کوئی بہاؤ نہیں ہے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔