تربت میں اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد، 4 کا تعلق پنجاب، 2 خیبرپختونخوا سے

تربت میں اغوا کیے گئے 6 مزدوروں کی لاشیں برآمد، 4 کا تعلق پنجاب، 2 خیبرپختونخوا سے

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے دو روز قبل اغوا کیے گئے مزدوروں میں سے 6 افراد کی لاشیں تربت کے نواحی علاقے ناصرآباد سے برآمد ہوئی ہیں۔

تربت پولیس کے مطابق دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد نے مجموعی طور پر 7 مزدوروں کو اغوا کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ باقی 6 مزدوروں کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق بعد ازاں اغوا کاروں نے ان 6 مغوی مزدوروں کو بھی قتل کر دیا اور ان کی لاشیں ناصرآباد کے علاقے میں پھینک دیں۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے لاشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کر دیں۔محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسفزئی نے تصدیق کی ہے کہ تربت سے برآمد ہونے والی لاشیں انہی 6 مغوی مزدوروں کی ہیں۔ ان کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 کا تعلق پنجاب جبکہ 2 کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور تفتیش جاری ہے۔