راولپنڈی: تھانہ صدر بیرونی کے علاقے منور کالونی، اڈیالہ روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں پنجاب گرین بس سروس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک بچی جاں بحق ہوگئی، جبکہ اس کے والد اور دوسری بچی محفوظ رہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچی عیشہ اپنے والد اور ایک دوسری بچی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہی تھی۔ اسی دوران گرین بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں عیشہ شدید زخمی ہوگئی اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔حادثے کے فوری بعد موقع پر موجود شہریوں نے مبینہ طور پر بس ڈرائیور کو قابو کرلیا، تاہم واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ مشتعل افراد نے گرین بس پر پتھراؤ شروع کردیا، جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔پتھراؤ اور شہریوں کی مبینہ بدسلوکی کے باعث بس ڈرائیور بھی زخمی ہوگیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لیا اور طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق گرین بس کو سڑک سے ہٹا کر تھانے منتقل کردیا گیا، جبکہ اڈیالہ روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی بحال کرادی گئی۔ بس پر پتھراؤ کرنے والے متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے علاقے میں اضافی نفری بھی تعینات کردی۔چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس پی صدر انعم شیر بھی جائے حادثہ پر پہنچیں اور حادثے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔پولیس کی جانب سے حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔