تھانہ صدر کی حدود میں واقع چونگی دو گیج کے علاقے میں دو افراد کے درمیان جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جو بعد ازاں فائرنگ اور پتھراؤ میں تبدیل ہو گیا۔
واقعے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ابتدائی تلخ کلامی کے بعد صورتحال تیزی سے کشیدہ ہوئی اور دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس کے دوران فائرنگ بھی کی گئی۔ اس پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو گئے۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں جھگڑے اور فائرنگ کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے شواہد کی بنیاد پر تحقیقات مزید تیز کر دی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔