سعودی عرب نے اردن پر ایرانی حملوں بلاجواز اور وحشیانہ قرار دے دیا

سعودی عرب نے اردن پر ایرانی حملوں بلاجواز اور وحشیانہ قرار دے دیا

ریاض: سعودی عرب نے ایران کی جانب سے اردن پر کیے جانے والے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بلاجواز اور وحشیانہ قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ریاض نے اردن اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور ایرانی حملوں کے جواب میں اردن کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ اردن اور خطے کے دیگر ممالک پر حملے فوری طور پر بند کرے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کشیدگی میں کمی اور ممالک کی سلامتی کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں۔

اردن پر ایرانی میزائل حملوں کا سلسلہ
سعودی عرب کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ کے دوران اردن سمیت خطے کے متعدد ممالک ایرانی میزائل حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔اردن نے حالیہ ایرانی میزائل حملوں کے دوران بڑی تعداد میں میزائلوں کو فضا میں ہی روکنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اردنی حکام کے مطابق ملکی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

سعودی عرب کی اردن کو مکمل حمایت
سعودی عرب اس سے قبل بھی اردن اور دیگر خلیجی ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں کی مذمت کرچکا ہے۔ ریاض کا مؤقف ہے کہ خطے کے ممالک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔سعودی وزارت خارجہ نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مؤثر سفارتی کوششیں کی جائیں، تاکہ مزید ممالک اس تنازع کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں۔سعودی عرب کے مطابق مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور علاقائی سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں ہی خطے میں پائیدار امن کی بنیاد بن سکتی ہیں۔