بحرین اور خلیجی تعاون کونسل (GCC) نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک پیش رفت قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنانا علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایسے حملے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔بحرین نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے ہر قانونی اقدام کی حمایت کا اعادہ کیا۔دوسری جانب خلیجی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے بھی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو مسلسل نشانہ بنانا پورے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جی سی سی کے تمام رکن ممالک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتے ہیں۔