خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کی گئیں۔ آئی ایس پی آر نے ان گروہوں کو بھارتی پراکسی ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے وابستہ قرار دیا ہے۔

خاران میں 8 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر کو دہشت گردوں نے خاران میں سڑک بلاک کرکے مقامی ٹریفک میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں انگیج کیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے۔

واشک میں کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر کو واشک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر منصوبہ بندی کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہ کو مؤثر انداز میں تباہ کردیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد
آئی ایس پی آر کے مطابق واشک آپریشن کے دوران 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم تیار کرنے میں استعمال کیا جارہا تھا۔سکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ مزید خطرات کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل بھی جاری رکھا۔

سینیٹائزیشن آپریشنز جاری رکھنے کا اعلان
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔