ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج" کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے مکمل پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لیے ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیرانی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن انہیں شکست فاش دی گئی۔
وزیراعظم نے یقین دلایا کہ حکومت اور ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فورسز کی بہادری اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے فورسز کی کامیابیاں قابلِ تعریف ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔