یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی سابقہ اہلیہ ایمان اسد کو ہتکِ عزت کا قانونی نوٹس بھیج دیا، جس پر ایمان اسد کے وکیل کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے۔
ایمان اسد کے وکیل نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ رجب بٹ کی جانب سے ان کی مؤکلہ کو ایک مرتبہ پھر قانونی نوٹس موصول ہوا ہے۔ وکیل کے مطابق نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایمان اسد کی جانب سے شیئر کیے جانے والے کمنٹس، ریلز اور ویڈیوز مبینہ طور پر رجب بٹ کو بدنام کرنے کے لیے نشر کیے جا رہے ہیں۔ایمان اسد کے وکیل نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قانونی نوٹس کے ساتھ الزامات کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔وکیل کے مطابق قانونی نوٹس کا جواب جمع کرا دیا گیا ہے، جس میں رجب بٹ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے حق میں شواہد فراہم کریں۔ایمان اسد کے وکیل نے مزید الزام عائد کیا کہ قانونی نوٹس کا مقصد ان کی مؤکلہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنا ہے۔واضح رہے کہ رجب بٹ اور ایمان اسد کی علیحدگی کے بعد دونوں سے متعلق مختلف معاملات مسلسل سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہے ہیں۔ تازہ قانونی نوٹس کے بعد دونوں کے درمیان جاری تنازع ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔تاہم قانونی نوٹس میں عائد الزامات اور فریقین کے مؤقف سے متعلق حتمی فیصلہ متعلقہ قانونی فورم ہی کرے گا۔