دہلی ہائی کورٹ نے آئی آر ایس افسر سمیر وانکھیڑے کو بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ویب سیریز "دی بیڈز آف بالی ووڈ" کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے مقدمے کو ممبئی کی عدالت میں لے جانے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ دہلی ہائی کورٹ کو اس معاملے میں علاقائی اختیار نہیں ہے، لہذا وانکھیڑے کو ممبئی کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔ سماعت کے دوران جسٹس وکاس مہاجن نے حکم دیا کہ دونوں فریقین 12 فروری کو ممبئی کی عدالت میں پیش ہوں۔سمیر وانکھیڑے نے دہلی ہائی کورٹ میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ویب سیریز کی پہلی قسط میں ایک کردار ان سے مشابہت رکھتا ہے اور یہ کردار ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والا اور ہتک آمیز ہے۔ انہوں نے عدالت سے متنازع مناظر ہٹانے یا ان پر پابندی عائد کرنے کی درخواست کی تھی۔عدالت کے مطابق کیس ممبئی منتقل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ سمیر وانکھیڑے اور پروڈیوسر کمپنی ریڈ چِلّیز انٹرٹینمنٹ دونوں ممبئی میں مقیم ہیں۔ ویب سیریز کی ریلیز کے بعد اس تنازع نے قانونی اور عوامی سطح پر کافی توجہ حاصل کی ہے۔