لاہور: پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب کی ایک نئی سوشل میڈیا پوسٹ نے صارفین کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے۔
انہوں نے معروف مصنفہ عمیرہ احمد کے مشہور ناول "پیرِ کامل" کے مقبول کردار سالار سکندر سے اپنی تشبیہ دے کر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا، جس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ایمان رجب نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا، "مجھے سالار سکندر کا فی میل ورژن کہہ سکتے ہیں، کیونکہ میں نے اسے وہ محبت دی ہے جو میں خود اس سے پانا چاہتی ہوں۔" ان کی یہ پوسٹ مختصر وقت میں وائرل ہو گئی اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیرِ بحث آ گئی۔یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایمان رجب اور ان کے شوہر، معروف یوٹیوبر رجب بٹ، گزشتہ چند ماہ سے اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ ان کے درمیان علیحدگی، طلاق کے نوٹس اور بعد ازاں صلح کی کوششوں سے متعلق مختلف خبریں اور افواہیں گردش کرتی رہی ہیں۔
ایمان رجب کی پوسٹ پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سالار سکندر جیسے یادگار ادبی کردار کا اس انداز میں حوالہ دینا مناسب نہیں۔ بعض صارفین نے لکھا کہ "سالار سکندر نے کبھی ایسی بات نہیں کی"، جبکہ کچھ نے اس پوسٹ کو صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ دوسری جانب کچھ مداحوں نے اسے ایمان رجب کے ذاتی جذبات کا اظہار قرار دیتے ہوئے ان کی حمایت بھی کی۔تاحال ایمان رجب یا رجب بٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ پوسٹ انٹرنیٹ پر مسلسل زیرِ بحث ہے اور صارفین اس پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔