پٹرولیم لیوی ختم نہیں کریں گے وزیرخزانہ ہم لانگ مارچ کریں گے حافظ نعیم

  آئی ایم ایف کی تجویز کردہ اصلاحات اور سفارشات میں کوئی ایسی چیز نہیں جو پاکستان کے مفاد میں نہ ہو‘  تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی:وزیرخزانہ
پٹرولیم لیوی عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ہے، حکومت کو اب ریلیف دینا ہوگا‘حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے لئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں:امیر جماعت اسلامی
کراچی‘لاہور(آئی این پی‘خصوصی رپورٹر ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے سیاسی حالات جیسے بھی ہوں، برآمدات کا عمل نہیں رکنا چاہیے، سیاسی صورتحال بہتر بنانے کیلئے  تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی، بین الاقوامی وعدوں کی وجہ سے پیٹرولیم لیوی ختم نہیں کی جا سکتی،  آبادی میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلی ایسے 2 مسائل ہیں جن سے پاکستان کی بقا کو خطرہ ہو سکتا ہے،آئی ایم ایف کی تجوہز کردہ اصلاحات اور سفارشات میں کوئی ایسی چیز نہیں جو پاکستان کے مفاد میں نہ ہو۔اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) میں خطاب اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر ہم 6 سے 7 فیصد شرح نمو بھی حاصل کرلیں، تو آبادی میں سالانہ ڈھائی فیصد اضافہ ہم برداشت نہیں کر سکتے۔ان نے سوال اٹھایا کہ اگر 26 کروڑ آبادی والے ہمارے ملک کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بہت سے مسائل کا سامنا ہے، تو اسی شرح سے بڑھ کر یہ آبادی جب 40 کروڑ ہو جائے گی تب ہم کیا کریں گے؟ یہ سوچنے کی بات ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی سربراہی میں پاپولیشن کونسل قائم کی گئی ہے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  وزیراعظم شہباز شریف واپس آچکے ہیں، اگر حکومت نے رابطہ کرکے عوام کو ریلیف نہ دیا تو جماعت اسلامی اپنا لانگ مارچ شروع کرے گی، پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا  مہنگائی، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، پیٹرولیم لیوی عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ہے، حکومت کو اب ریلیف دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک گیر دستخطی مہم شروع کردی ہے، دو کروڑ سے زائد افراد سے دستخط لینے کے بعد اسلام آباد کا رخ کریں گے، ملتان سے لانگ مارچ شروع کیا جائے گا اور جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا سے بھی قافلے شامل ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے کئی ادوار ہوچکے ہیں لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا، اب وزیراعظم کو خود مداخلت کرکے معاملہ حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن احتجاج پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کے لیے اب گیند اس کی کورٹ میں ہے