معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں:سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد(آئی این پی ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاک بحریہ کے شہداو غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ نے دفاعِ وطن اور ملکی سمندری حدودکے تحفظ کے لیے ہمیشہ عزم، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں پاک بحریہ کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن دوارکا پاک بحریہ کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے، جس میں دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات اور ریڈار سٹیشن کو نشانہ بنایا۔اس جنگ کے دوران آبدوز غازی نے بحری محاذ پر اپنی آپریشنل ذمہ داریاں موثر انداز میں انجام دیتے ہوئے دشمن کی بحری نقل و حرکت کو محدود کیئے رکھا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے ملکی سمندری حدود کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔