وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گندم کی غیرقانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں گندم کے اسٹاک ڈیکلیئر کرنے کے لیے تین دن کی مہلت دی جائے، اور اس مدت کے بعد غیر قانونی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مریم نواز نے کہا کہ گندم کے اسٹاک کرنے والے رضاکارانہ طور پر اسے ڈیکلیئر کریں، ورنہ کارروائی ہوگی، اور سیلاب کے دوران صورتحال کا فائدہ اٹھانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ بعض عناصر گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کی نشاندہی کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں۔
انہوں نے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمتیں برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے اور ہر دکان پر سرکاری نرخ نامہ نمایاں کرنے کا حکم دیا، جبکہ اس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔ خانیوال میں سیلاب کے دوران گندم کے ضیاع پر وزیراعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ڈی جی فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا، جبکہ خانیوال کے تمام متعلقہ عملے کو معطل کر دیا گیا۔