محکمہ موسمیات نے مون سون سسٹم کے تحت کراچی سمیت ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ اور تیز ہواؤں سے ممکنہ نقصانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 سے 28 جولائی تک سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ، تھرپارکر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو، خیرپور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔پیشگوئی کے مطابق پنجاب میں بھی 24 سے 26 جولائی کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولپور، رحیم یار خان اور دیگر وسطی اضلاع میں موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ آندھی، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے سبب کمزور عمارتوں، کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، زرعی سرگرمیاں موسمی صورتحال کے مطابق ترتیب دی جائیں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔