ترنڈہ محمد پناہ: دو کشتی حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 9 ماہ کا بچہ لاپتہ

ترنڈہ محمد پناہ: دو کشتی حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 9 ماہ کا بچہ لاپتہ

رحیم یار خان کے علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں سیلاب متاثرین کی دو کشتیوں کے الٹنے کے افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں جن میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ ایک 9 ماہ کا بچہ تاحال لاپتہ ہے۔

 مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

پہلا واقعہ: نوروالا کے قریب
پہلا حادثہ نوروالا کے مقام پر پیش آیا جہاں سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا تھا کہ کشتی اچانک الٹ گئی۔ کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے۔ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں 3 کمسن بچے اور 3 بالغ شامل ہیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت اس طرح ہوئی:

شاہدہ بی بی
گانمن مائی
ایک نامعلوم شخص
11 سالہ حسین وحید
8 سالہ طاہرہ
7 سالہ اقصیٰ
حادثے کے بعد علاقے کی فضا انتہائی سوگوار ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری امداد کی اپیل کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسرا واقعہ: بیٹ بھتڑ کے قریب
دوسرا حادثہ بیٹ بھتڑ کے قریب بستی توحید میں پیش آیا جہاں ایک نجی کشتی میں 14 خواتین اور کمسن بچوں کو منتقل کیا جا رہا تھا۔ کشتی حادثے کا شکار ہوئی تو اہلِ علاقہ اور مقامی فلاحی تنظیم طارق فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 13 بچوں کو زندہ بچا لیا۔تاہم ایک 9 ماہ کا بچہ پانی میں ڈوب گیا، جس کی تلاش تاحال جاری ہے۔ متاثرہ فیملی کو بیٹ بخشو بھتڑ سے ٹھل حمزہ منتقل کیا جا رہا تھا۔

حکومتی امداد کا فقدان
اہم امر یہ ہے کہ دونوں حادثات کے باوجود اب تک کوئی سرکاری امدادی ٹیم موقع پر نہیں پہنچی۔ مقامی مکین اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔