نائیجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں ایک افسوسناک کشتی حادثے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ ضلع ملالے کی بستی تُنگان سُولے سے دوگّا کے لیے روانہ ہونے والی کشتی کو درپیش آیا۔مقامی حکام کے مطابق کشتی میں 100 سے زائد افراد سوار تھے۔ راستے میں شمالی وسطی علاقے کے قریب کشتی دریا میں ایک درخت کے تنے سے ٹکرا گئی جس کے باعث کشتی الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کئی مسافر دریا میں ڈوب گئے۔ریسکیو ٹیموں کے مطابق اب تک 60 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ متعدد افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ تاہم کئی مسافر تاحال لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی افراد اب بھی دریا میں پھنسے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ نائیجیریا میں برسات کے موسم کے دوران کشتی کے حادثات عام ہیں۔ افریقہ کے سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں کشتی حادثات کی بڑی وجہ ضرورت سے زیادہ مسافروں کا سوار ہونا، کشتیوں کی خستہ حالی اور حفاظتی انتظامات کی کمی ہے۔ بیشتر کشتیاں لائف جیکٹ جیسے ضروری سامان کے بغیر چلائی جاتی ہیں، جس کے باعث حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔