ویب ڈیسک: کرکٹ شائقین کے انتظار کا وقت ختم ہوگیا، ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے۔
یہ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شریک ہوں گی۔اگرچہ ایونٹ کی انعامی رقم کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر دیے جانے کا امکان ہے جبکہ رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر ملیں گے۔
ٹورنامنٹ میں ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے:
گروپ اے: پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات
گروپ بی: سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ
ایشیا کپ ہمیشہ سے شائقین کے لیے ایک بڑا کرکٹ میلہ ثابت ہوتا رہا ہے، اور اس بار بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع ٹاکرے نے ایونٹ کی کشش کو دو چند کر دیا ہے۔