مصباح الحق کو قومی ٹیم میں اہم عہدہ ملنے کا امکان، ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ بننے کی خبریں

مصباح الحق کو قومی ٹیم میں اہم عہدہ ملنے کا امکان، ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ بننے کی خبریں

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے حال ہی میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے لیے مائیک ہیسن کو ہیڈ کوچ بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد خبریں سامنے آئیں کہ 50 لاکھ تنخواہ وصول کرنے والے مینٹورز کو فارغ کر دیا جائے گا۔

ان مینٹورز میں سابق کپتان مصباح الحق، سرفراز احمد، شعیب ملک، وقار یونس اور ثقلین مشتاق شامل تھے۔رپورٹس کے مطابق مصباح الحق اور سرفراز احمد کو پی سی بی میں اہم عہدے دیے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مصباح الحق کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے سابق کرکٹر باسط علی نے بھی ٹوئٹر پر مصباح الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی ہیڈ کوچ بننے کی تصدیق کی۔اگرچہ پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کو ہیڈ کوچ بنانے سے متعلق کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم یہ افواہیں زور پکڑ رہی ہیں۔

یاد رہے کہ مصباح الحق پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتانوں میں شامل ہیں اور وہ 2019 سے 2021 تک پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے اہم کامیابیاں حاصل کیں، اور وہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی تجربہ کاری کے باعث ایک اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔