وزیراعظم کی انڈر 19 ایشیا کپ فاتح ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیراعظم کی انڈر 19 ایشیا کپ فاتح ٹیم سے ملاقات، کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے انڈر 19 ٹیم کے اعزاز میں ظہرانہ دیا اور بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور متعدد وفاقی وزراء بھی شریک تھے۔وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ ٹیم کی تیاری کا عمل 17 جون 2025 سے شروع ہوا، جس کے دوران 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیے گئے۔ ٹرائلز کے بعد 30 کھلاڑیوں کو کیمپ کے لیے منتخب کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں شرکت سے قبل ٹیم کا واضح ہدف تھا کہ نہ صرف ٹرافی جیتنی ہے بلکہ شائقین کے دل بھی جیتنے ہیں۔مایہ ناز سابق کپتان سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انڈر 19 ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے اس کامیابی کے لیے بھرپور محنت کی۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر 19 ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل میں مزید ٹرافیاں اپنے نام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ سرفراز احمد نے خاص طور پر سمیر احمد کی شاندار اننگز اور عثمان خان کے ساتھ ان کی اہم شراکت داری کو سراہا۔ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ کی جانب سے انہیں مکمل سپورٹ حاصل رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی کامیابی میں تمام کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ مینجمنٹ نے ٹیم کو اعتماد دیا کہ وہ کھل کر اپنی کرکٹ کھیلیں، ہار کی صورت میں ذمہ داری مینجمنٹ پر ہوگی اور جیت کھلاڑیوں کی ہوگی۔