سندھ کے ضلع شکارپور میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کا ایک اور افسر شہید ہو گیا۔
سکھر روڈ قومی شاہراہ پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او لکی غلام شاہ خمیسو بروہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔پولیس حکام کے مطابق سکھر روڈ پر قومی شاہراہ کے قریب 7 سے زائد مسلح ڈاکو بسوں کو روک کر مسافروں سے لوٹ مار میں مصروف تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او لکی غلام شاہ خمیسو بروہی پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کی موجودگی دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایس ایچ او لکی غلام شاہ خمیسو بروہی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں سکھر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد ڈاکو اندھیرے اور علاقے کی پیچیدہ جغرافیائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شاہراہ پر ٹریفک بھی عارضی طور پر معطل رہی۔پولیس نے واقعے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ایس ایچ او لکی غلام شاہ خمیسو بروہی کی شہادت پر پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس حلقوں میں واقعے کو امن و امان کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔