ہتک عزت کا دعویٰ‘ شہباز شریف ویڈیو لنک پر جرح کیلئے طلب

لاہور  (آئی این پی)  بانی تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کے کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کرلیا گیا۔سیشن عدالت لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پاکستان تحریک انصاف کے خلاف دائر 10 ارب روپے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے وزیراعظم کو 12 ستمبر کو ویڈیو لنک پر جرح کے لیے طلب کرلیا۔ایڈیشنل سیشن جج نے کیس کی سماعت کی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی غیر موجودگی کے باعث سماعت میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا صبح 10 بجے عدالت میں پیش ہوں۔یاد رہے کہ شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔ شہباز شریف کا مقف ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی نے ان پر جھوٹا الزام عائد کیا،  جس سے ان کی شہرت متاثر ہوئی۔