لاہور(آئی این پی) ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی) نے پنجاب ہتک عزت ایکٹ2024پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار و صحافت کیلیے خطرہ قرار دے دیا گیا۔ایچ آر سی پی کی قانون سازی واچ سیل کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون اگرچہ جھوٹی معلومات کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے بنایا گیا ہے، لیکن اس میں اختلاف رائے کو دبانے کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔ قانون میں صحافی کی تعریف کو انتہائی وسیع کر دیا گیا ہے، جس میں سوشل میڈیا صارفین بھی شامل ہیں، جس سے عام شہری بھی قانونی کارروائی کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ہیومن رائٹس کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ اس قانون میں عوامی شخصیات اور ریاستی اداروں کو بے جا تحفظ فراہم کیا گیا ہے، جس سے جائز تنقید کو بھی ہتک عزت قرار دے کر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔