ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور قازقستان کے وزیر خارجہ مرات نرتلیو کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات وزارتِ خارجہ میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، اقتصادی، اور خطے میں رابطوں کو بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹرانسپورٹ اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کا یقین دلایا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ قریبی روابط کو اپنی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت دیتا ہے، جب کہ قازق وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔