نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایران کے لیے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو تمام شعبوں میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی، عوامی روابط اور علاقائی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں اور حکومت ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قریبی رابطہ کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار سے علاقائی امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کو بھی اجاگر کیا۔