چھت ، دیوار گرگئی ،2افراد جاں بحق

 خستہ حال چھت گر گئی ،32سالہ نازیہ سلمان دم توڑ گئی ،خالی پلاٹ میں کھدائی ، عمارت کی دیوار مسمار،الیاس چل بسا 
لاہور(کرائم رپورٹر) گھر کی خستہ حال چھت اور پلاٹ کی کھدائی کے دوران ملحقہ عمارت کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے،تفصیلات کے مطابق اندرو ن بھاٹی گیٹ کے علاقے گھاٹی شیش محل اْونچی مسجد کے قریب ایک بوسیدہ مکان کی ٹی آر اور گارڈر سے بنی خستہ حال چھت گزشتہ روز اچانک گر گئی،ملبے تلے دب کر 32 سالہ نازیہ سلمان دم توڑ گئی ، چھت زمین بوس ہونے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو1122،ایدھی رضاکار،پولیس و دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔علاوہ ازیں انجینئرنگ ٹائون لنگر گائوں کے علاقے میں خالی پلاٹ میں کھدائی کا کام جاری تھا کہ پلاٹ کے ساتھ والی عمارت کی دیوار گر گئی،2افراد ملبے تلے دب گئے،54سالہ الیاس دم توڑ گیا جبکہ 28 سالہ زخمی عبدالرحیم کو طبی امداد کے لئے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔