بچے ٹی آر گارڈر سے بنی گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے ، حادثہ ہو گیا ،،3 افراد زخمی ، ہسپتال منتقل
لاہور (کرائم رپورٹر)رائیونڈ روڈ پر ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے کے نتیجے میں 13 سالہ بچی جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی اطلاع میں بتایا گیا کہ بچے گھر کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ اچانک ٹی آر گارڈر سے بنی چھت منہدم ہوگئی، جس سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے متاثرین کو ملبے سے نکالا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 13 سالہ حمیرا جاں بحق ہوگئی، جبکہ 30 سالہ رمشا بی بی، 50 سالہ رشیدہ بی بی اور 13 سالہ سمیرہ بی بی زخمی ہوئیں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو رائیونڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں