وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے لیے نیا پورٹل باضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے۔
پورٹل کو ڈیجیٹل ٹچ کے ذریعے فعال کیا گیا، جس سے کسان، سروس پرووائیڈر اور ایگری کمپنیز براہِ راست آن لائن اپلائی کر سکیں گی۔مریم نواز نے کہا کہ یہ پروگرام پنجاب میں زرعی انقلاب کا آغاز ثابت ہوگا اور صوبے کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 12 قسم کی ہائی ٹیک زرعی مشینری کے لیے ایک فارمر کو 3 کروڑ روپے تک بلاسود قرض دیا جائے گا۔ قرض کی ادائیگی کے لیے چھ ماہ کی رعایتی مدت رکھی گئی ہے، اور قرض کی اقساط پانچ سال میں سہ ماہی بنیاد پر ادا کی جائیں گی۔ہائی ٹیک زرعی مشینری کی مینوفیکچرنگ میں مختلف ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں، جن میں چین (27 کمپنیاں)، ترکی (10 کمپنیاں)، اٹلی (5 کمپنیاں) کے ساتھ جاپان، امریکہ، برازیل، سپین اور بیلا روس کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
پروگرام میں شامل مشینری میں ویٹ کمبائن ہارویسٹر، ملٹی کراپ پلانٹر، رائس پلانٹر، نرسری مشین، رائس ہاروسٹر، ویٹ سٹرابیلر، میزکوب ہارویسٹر، سائلج ہارویسٹر، میزکوب ڈایئر، آرچڈ پرنیر، آرچڈ ایئر بلاسٹ سپریئر، سنٹرل پیوٹ، اریگیشن سسٹم اور ہائی پاور ٹریکٹر شامل ہیں۔یہ پروگرام صوبے کی زرعی پیداوار بڑھانے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔