وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بے گھر افراد کے لیے "اپنی زمین اپنا گھر" ای پورٹل کا آغاز کر دیا، جس کے تحت پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ سکیموں میں 2 ہزار پلاٹس دیے جائیں گے۔
اس اقدام کا مقصد بے گھر شہریوں کو اپنی چھت اور زمین فراہم کرنا ہے، جس کی پہلی قرعہ اندازی میں خوش نصیب افراد کو تین مرلے کے پلاٹ مفت میں ملیں گے۔مریم نواز نے ای پورٹل کا آغاز ڈیجیٹل بٹن دبا کر کیا، اور اس پروگرام کے تحت پہلے فیز میں جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں، اور رینالہ خورد میں پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے اور یہ قائد محمد نواز شریف کا ویژن ہے جس کے تحت بے گھر افراد کو چھت فراہم کی جا رہی ہے۔ چھ ماہ کی قلیل مدت میں 34 ہزار گھر بن رہے ہیں، جن میں سے 2 ہزار مکمل ہو چکے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں بہت سے افراد کے پاس گھر بنانے کے لیے نہ زمین ہے نہ پیسے، اور پہلے مرحلے میں 2 ہزار افراد کو مفت پلاٹ دیے جائیں گے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے پروگرام کی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر" کے تحت 33,500 افراد کو گھر بنانے کے لیے 36 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جائیں گے۔یہ اقدام بے گھر افراد کو بہتر زندگی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور پنجاب میں رہائش کے مسائل کو حل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔