برازیل: آنکھوں کی سرجری کے بعد فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز انتقال

برازیل: آنکھوں کی سرجری کے بعد فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز انتقال

برازیل میں معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر کی موت نے خوبصورتی کی خاطر کی جانے والی خطرناک سرجریوں پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
31 سالہ فیشن ماڈل اور انسٹاگرام اسٹار ایڈیئر، جو لاکھوں فالوورز رکھتی تھیں، نے مارچ 2025 میں اپنی آنکھوں کی شکل تبدیل کرنے کے لیے “فاکس آئی سرجری” (Fox Eye Surgery) کروائی تھی — یہ ایک ایسا کاسمیٹک ٹرینڈ ہے جو ہالی ووڈ اور سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہے، اور اس کا مقصد آنکھوں کو بلی یا ماڈل جیسی تیز، لمبی شکل دینا ہوتا ہے۔تاہم، سرجری کے کچھ دن بعد ہی ایڈیئر کو شدید سوجن، چہرے پر نیلے دھبے اور مسلسل درد کی شکایات ہونے لگیں۔انہوں نے اپنے مداحوں کو متعدد ویڈیوز کے ذریعے اپنی حالت سے آگاہ رکھا، جن میں وہ چہرے کی بگڑی ہوئی حالت دکھاتے ہوئے بتاتی تھیں کہ ’’میں نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی ہے۔‘‘چند ہفتوں بعد ڈاکٹروں نے تشخیص کی کہ ان کے زخموں میں بیکٹیریل انفیکشن پھیل چکا ہے۔ انہیں اینٹی بایوٹک علاج شروع کرایا گیا، مگر حالت میں بہتری کے بجائے مزید بگاڑ آگیا۔ایڈیئر نے متعلقہ سرجن کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی، جس میں انہوں نے ڈاکٹر پر غفلت، غلط معلومات دینے اور غیر معیاری طریقۂ علاج کے الزامات لگائے۔انہوں نے کہا تھا کہ ’’ڈاکٹر نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ سب کچھ محفوظ اور جلدی ٹھیک ہو جائے گا، مگر میری زندگی برباد ہو گئی۔‘‘

3 اکتوبر کو ان کی حالت اچانک بگڑ گئی — انہیں سانس لینے میں دشواری اور تیز بخار کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا۔چند گھنٹوں بعد وہ سیپسس (خون میں انفیکشن پھیلنے) کے باعث انتقال کر گئیں۔ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت سرجری کے بعد ہونے والے انفیکشن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے ہوئی۔برازیل کی پولیس نے سرجن کے کلینک کو بند کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ایڈیئر مینڈیز کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور مشہور شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:’’خوبصورتی کی خاطر زندگی کو خطرے میں ڈالنا ناقابلِ فہم ہے۔‘‘برازیل کی میڈیکل ایسوسی ایشن نے واقعے کے بعد غیر مستند پلاسٹک سرجنز اور خطرناک کاسمیٹک ٹرینڈز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔