برازیل کی مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر بیانکا ڈیاس، جو کہ 27 سال کی عمر میں پلاسٹک سرجری کے بعد پیش آنے والی پیچیدگیوں کے باعث وفات پا گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، حالیہ سرجری کے بعد وہ ساؤ پاؤلو کے قریبی اپنے خاندان کے گھر میں صحتیابی کی مراحل میں تھیں کہ اچانک انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا۔ فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹرز ان کی جان بچانے میں ناکام رہے۔بیانکا کی قریبی دوست نے انسٹاگرام پر تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سرجری کروائی تھی اور صحتیابی کے دوران دو مرتبہ دورے پڑے، جن کے نتیجے میں پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا بن گیا۔ اسپتال پہنچنے کے وقت، ان کی حالت انتہائی نازک تھی۔ رپورٹس کے مطابق، سرجری کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، مگر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ محض 18 دن بعد ہی موت کے منہ میں چلی گئیں۔
بیانکا ڈیاس سوشل میڈیا پر تقریباً 60 ہزار فالوورز رکھتی تھیں اور لائف اسٹائل اور ماڈلنگ سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں۔ ان کی آخری پوسٹ گزشتہ سال دسمبر میں کی گئی تھی، جس میں انہوں نے ساؤ پاؤلو میں گاڑی کے اندر لی گئی سیلفی شیئر کی تھی۔ مقامی حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔