پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر منفرد انداز میں تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک شعر لکھ کر موجودہ حالات پر طنزیہ اور ادبی ردِعمل دیا۔گورنر نے لکھا:"اب اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں،اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔"یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوا دیا ہے۔گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ بانی پی ٹی آئی کی امانت تھی، جسے ان کے حکم کے مطابق واپس کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بنتے وقت صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کے چیلنجز کا سامنا کر رہا تھا، تاہم وہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات کے مطابق عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی کا یہ شعری تبصرہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے، جہاں صارفین اسے موجودہ سیاسی حالات کے پس منظر میں دلچسپ اور معنی خیز قرار دے رہے ہیں۔