ٹیسلا نے عالمی فروخت میں مرسڈیز کو پیچھے چھوڑ دیا، ایلون مسک کی دولت 500 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی

ٹیسلا نے عالمی فروخت میں مرسڈیز کو پیچھے چھوڑ دیا، ایلون مسک کی دولت 500 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی

ویب ڈیسک: ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں عالمی سطح پر مرسڈیز کو فروخت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

 غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران ٹیسلا نے 4 لاکھ 97 ہزار 99 گاڑیاں فروخت کیں، جو کمپنی کی تاریخ کی ریکارڈ فروخت ہے۔مرسڈیز کی فروخت اسی عرصے میں 4 لاکھ 41 ہزار 500 گاڑیاں رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں مرسڈیز کی فروخت میں 17 فیصد اور چین میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب ٹیسلا کی فروخت میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مرسڈیز انتظامیہ نے فروخت میں کمی کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے درآمدی ڈیوٹیوں میں اضافے کو قرار دیا ہے۔

ٹیسلا کی اس کامیابی کے بعد ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت نصف ٹریلین (500 ارب) ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کی رواں سال کی مجموعی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں اب بھی 6 فیصد کم ہے۔