افواج پاکستان قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی
وفاقی وزیر کا اورکزئی میں شہید پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اورکزئی میں قوم کے 11 سپوتوں نے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کر دیں۔ دوسروں کے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لئے جان کی قربانی دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔اپنے ایک بیان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں اورکزئی میں شہید پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں۔ غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے ۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا گو ہوں۔انہوں نے 19دہشت گردوں کو ٹھکانے لگانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ افواج پاکستان قوم کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔