دھماکے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا ئیں گے شہبازشریف
فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں:وزیراعظم
افغانستان کو سمجھنا ہو گا کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت سے امن حاصل نہیں ہوگا‘ امن و سلامتی و ترقی کے موضوع پرپارلیمانی رہنمائوں کو ایک پلیٹ فورم پر لانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے
افغان حکومت ٹی ٹی پی کیخلاف موثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے‘پاکستان اورافغانستان کے درمیان بات چیت میں تعاون پر برادرممالک کو سراہتے ہیں: بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد(آئی این پی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد جی-11 کچہری میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے دہشتگردانہ حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں شہید ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی دہشتگرد پراکسیوں کی جانب سے پاکستان کے نہتے شہریوں پر دہشتگردانہ حملے قابل مذمت ہیں۔واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کردی ہے، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ افغانستان سے کاروائی کرتے بھارتی ایما پر سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے اس وقت وانا میں معصوم بچوں پر بھی حملہ کیا گیا۔بھارتی پشت پناہی اور افغان سرزمین سے جاری ان حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔نہتے و معصوم پاکستانیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے اور فتنہ الہندوستان و فتنہ الخوارج کے آخری دہشتگرد کی سرکوبی تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے‘دریں اثناء شہباز شریف نے کہا ہے افغان حکومت کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف مثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے‘افغانستان کو سمجھنا ہو گا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت سے امن حاصل نہیں ہوگا‘ امن و سلامتی و ترقی کے موضوع پرپارلیمانی رہنمائوں کو ایک پلیٹ فورم پر لانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے‘پاکستان نے ہمیشہ استحکام اور دفاع وطن میں عزم کا مظاہرہ کیا ،ہماری فوج نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا امن و سلامتی و ترقی کے موضوع پرپارلیمانی رہنمائوں کو ایک پلیٹ فورم پر لانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، امن واستحکام ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دنیا کو دکھایا پاکستان اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر قیمت ادا کرے گا، پاکستان اورافغانستان کے درمیان بات چیت میں تعاون پر بردارممالک کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اورمستحکم افغانستان ہی علاقائی رابط، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے، شدت پسند گروہ افغانستان اوراس کے باہرامن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کئی بار امن دشمن کارروائیوں کا سامنا کیا ، ہم سمجھتے ہیں کہ ترقی اس معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن اور سلامتی ہو۔امن و استحکام ہی پائیدار ترقی کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کو سمجھنا ہو گا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کی حمایت سے امن حاصل نہیں ہوگا، افغان حکومت ٹی ٹی پی و دیگر گروہوں کے خلاف موثر کارروائی کرے تو پاکستان تعاون کیلئے تیار ہے۔